قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے وزارت تعلیم کو صوبوں کے حوالے کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنی سفارشات آئینی کمیٹی کو بھجوا دیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چوہدری عابد شیر علی کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم کو وفاق کے پاس رہنے دیا جائے۔ کمیٹی نے کہا کہ نصاب وفاق کی علامت ہے، اسے صوبوں کے حوالے کردیا گیا تو پھر صوبوں کو متحد رکھنا مشکل ہوجائے گا۔ سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ کمیٹی اپنی سفارشات جلد از جلد آئینی کمیٹی کو بھجواے کیونکہ آئینی کمیٹی کا کام اپنے آخری مراحل میں ہے۔ کمیٹی نے قائداعظم یونیورسٹی میں ایم بی اے کے چھ طلباء کو غیر قانونی طور پر پاس کرنے پر یونیورسٹی سے دو ہفتوں کے اندر رپورٹ طلب کرلی ہے۔