گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے بعد ملک گیر مظاہرے

گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے بعد ملک گیر مظاہرے
گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل پر لاہور سمیت ملک بھر میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ دکانیں بند کرا دی گئیں، اور ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔
گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کی اطلاع ملتے ہی پیپلز پارٹی کے کارکن لاہور کی سڑکوں پر نکل آئے۔ گورنر ہاوس کے باہر احتجاج کیا اورتائر جلا کر ٹریفک بلاک کر دی۔ سیالکوٹ میں پیپلزپارٹی اور پی ایس ایف کے کارکنوں نے زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ موٹر سائیکلوں پر شہر بھر کے چکر لگا کر تجارتی مراکزکو بند کروادیئے۔ گو ر نر پنجا ب کے قتل کے سو گ میں ٹو بہ ٹیک سنگھ کے با زار بند کر دیئے گئے۔
ملتان میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ہوائی فائرنگ کی، حسین آگاہی بازار، صرافہ بازار اور پیٹرول پمپ بندکرا دیئے گئے۔
اوکاڑہ اور رحیم یارخان میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ڈیرہ غازیخان میں تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند کر دیئے گئے پیپلز پارٹی کے کارکن مشتعل نظر آئے۔ تاہم مقامی عہدیدارانہیں پر امن رہنے کی تلقین کرتے رہے۔
گورنر پنجاب کےقتل کی اطلاع ملتے ہی گوجرانوالہ کے بازار اور مارکیٹیں بند ہونا شروع ہوگئے۔ خواتین خریداری چھوڑ کر اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئیں۔
گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل پر کراچی میں شارع فیصل پر احتجاج کیا گیا۔ مشتعل افراد نے گورا قبرستان کے قریب بھی احتجاج کیا، تاہم مظاہرین کو منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا گیا ہے۔
ٹنڈوالہ یار شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور کاروباری مراکز بند کرادئیے۔ اندرون سندھ پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے اور پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz