رینٹل پاور منصوبے شروع نہ کرنیوالی کمپنیوں کو رقوم واپس کرنیکا حکم
سپریم کورٹ نے رینٹل پاورپراجیکٹ میں تاحال کام شروع نہ کرنے والی کمپنیوں کو ایڈوانس رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے رینٹل پاورپراجیکٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ شروع نہ کرنے والی کمپنیوں نے اگر ایڈوانس رقم واپس نہ کی تو ان کے خلاف مقدمات ایف آئی اے کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے وکیل خواجہ طارق رحمان نے عدالت کو بتایا کہ نوڈیرو اور گڈو پاور پلانٹس میں سوا دو ارب روپے اور چینی کمپنی نے ایک ارب چھبیس کروڑ روپے واپس کر دیئے ہیں، جبکہ دیگر کمپنیاں بھی اس حوالے سے رقوم واپس کر دیں گی۔ سپریم کورٹ نے ٹیکنو پاور پلانٹ کے چیئر مین کو کل تک ستانوے کروڑ روپے واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ کیس کی سماعت دو فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔