مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سے ہاں نہ ناں میں جواب مانگا تھا، وزیر اعظم نے ہمارے ایجنڈے پر مثبت جواب دیا، ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے مثبت رد عمل سے خوشی ہوئی۔ رائیونڈ میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ اپوزیشن نے بہتری کیلئے حکومت کو دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جھانسہ دینے کا وقت گزر چکا ہے، پاکستان کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں، ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا، آمروں نے اصلاح کے نام پر ملک کو لوٹا اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں کے مسائل جمع ہو چکے ہیں اور پاکستان کا مرض لا علاج ہوتا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی بلکہ لانگ مارچ بھی ججز کی بحالی پر ختم کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایجنڈے پر عمل کر ملکی خودداری بحال کر سکتے ہیں، افسوس ہوتا ہے کہ ہمسایہ ملک ترقی کر رہا ہے اور ہم تنزلی کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے پر حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔ میاں نواز شریف نے ایجنڈے پر بات کرنے کیلئے اسحاق ڈار کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیاکمیٹی کے دیگر ارکان میں سردار مہتاب عباسی، پرویز رشید اور عبدالقادر بلوچ شامل ہیں۔