ایتھنز(سکندرریاض چوہان)ایتھنز کے مرکز اورملحقہ علاقہ جات میں پولیس غیرقانونی پناہ گزینو ں کے خلاف اپریشن(سکوپا)کے لیے تیاری کررہی ہے اورجلد ہی اعلیٰ حکام کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد اپریشن شروع کردیاجائے گاجس میں غیر قانونی پناہ گزینوں کوان کے کاغذات کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد قانونی رہائشی دستاویزات نہ رکھنے والے افراد کوحراست میں لے کرایتھنز کے نواحی علاقہ ریچوناس کی متروکہ فوجی چھاونی میں رکھاجائے گاجس کوحراستی مرکز میں تبدیل کیاجارہاہے یہ دعویٰ ایتھنز سے شائع ہونے والے روزنامے تووویما(TO VIMA)نے اپنی ایک رپورٹ میںکیاہے۔اخبار کے مطابق غیر قانونی پنا گزینوں کے خلاف اپریشن کی تیاریاں مکمل ہیں اوراس کی تمام کاغذی کارروائی پولیس افسران کی میزوں پرموجود ہے اورحکم ملنے پرفوری طورپر عمل شروع کردیاجائے گا۔اخبارکاکہناہے کہ اس منصوبے کی شروعات سابق وزیر امن عامہ میخائیلس خریسوخودیس نے کی تھی اورریچوناس کی فوجی چھاؤنی کواس مقصد کے لیے تیاربھی کیاگیاتھاتاہم مقامی رہائشیوں کے احتجاج پراس عمل کوموخر کردیاگیاتھا جس کوایک مرتبہ پھر کارآمدبنانے کے لیے تیاری کی جارہی ہے۔اخبارکے مطابق یونان کودرپیش غیرقانونی پناہ گزینوں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت ہر ممکن کوشش کرنے جارہی ہے اوروہ اس پرقابوپانے کے لیے سخت سے سخت کارروائی عمل میں لانے پر غور کررہی ہے۔