ایم کیو ایم کی حکومتی اتحاد میں واپسی، کابینہ میں شمولیت سے انکار

ایم کیو ایم کی حکومتی اتحاد میں واپسی، کابینہ میں شمولیت سے انکار
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم نے حکومتی اتحاد میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے تاہم ایم کیو ایم ابھی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زندگی میں پہلی مرتبہ آج نائن زیرو آیا ہوں۔ الطاف حسین نے کئی مرتبہ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ ان سے کئی مرتبہ قومی ایشوز پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد الطاف حسین سے ملاقات کروں گا آج الطاف بھائی کا مہمان ہوں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر ایم کیو ایم ہم سے روٹھ گئی تھی ۔ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا اور آر جی ایس ٹی پر ایم کیو ایم کو تحفظات تھے۔ اتفاق رائے پیدا ہونے تھا آر جی ایس ٹی کے نفاذ کو موخر کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بریفنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کی پہلی اسمبلی ہے جس میں بل مشاورت سے باہمی طور پر منظور ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور اقتدار میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں ۔ اور ہم نے کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا شفاف احستاب بل سامنے آنا چاہیے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ تمام امور پر ایم کیو ایم کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے سب کو ایک ہونا ہو گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایم کیو ایم کو دوبارہ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔ دوسری جانب اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون کا کہنا تھا کہ آج دل کھول کر وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے عوامی ایشوز پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کیلئے ہم حکومتی بنچوں پر بیٹھیں گے مگر کابینہ میں شمولیت نہیں کرینگے۔ اس سے قبل وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نائن زیرو کے دورے کے دوران ایم کیوایم کے رہنماؤں کے ساتھ ملکی سیاسی صورتحال سمیت ملک کو درپیش مسائل کے حل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے قبل مرحومہ بے نظیر بھٹو اپنے پہلے دور حکومت میں آصف علی زرداری کے ہمراہ نائن زیرو گئی تھیں ۔ جبکہ میاں نواز شریف نے بھی 1990 میں نائن زیرو کا دورہ کیا۔ سابق نگران وزرائے اعظم غلام مصطفی ٰ جتوئی اور ملک معراج خالد اورسابق وزرائے اعظم طفر اللہ جمالی، چودھری شجاعت حسین اور شوکت عزیز بھی نائن زیرو جا کر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق 1988 سے اب تک نگران وزیر اعظم معین قریشی کےسوا تمام وزرائے اعظم نے نائن زیرو کا دورہ کیا تاہم وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی پچھلے تین سال میں پہلی بار نائن زیرو آئے ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz