جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم کے استعفے کی بات سوچھ سمجھ کر کی تھی اور وزیر اعظم کو مولانا کے کہنے پر مستعفی ہو جانا چاہئے تھا۔ لاہور میں چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ایوانوں کو اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کیلئے درخواستیں دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اپوزیشن میں بیٹھنے سے نئی سیاسی صورتحال پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، اب تو حکومت آج یا کل مستعفی ہونے والی پوزیشن میں ہے کیونکہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم معاملات میں مسلم لیگ (ق) سے مشاورت رہتی ہے۔ چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ملاقات کیلئے آ رہے ہیں لیکن فیصلہ پارٹی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے خانہ خدا میں گڑ گڑا کر دعا کی تو صورتحال تبدیل ہوئی۔