بے نظیر قتل کیس: ملزمان ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

بے نظیر قتل کیس: ملزمان ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے حوالے کردیا۔ راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔ ایف آئی اے نے ریمانڈ کے لئے سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار نے فاضل عدالت کو بتایا کہ ستائیس دسمبر2007 کو وقوعہ کے دوران ملزمان کے زیراستعمال موبائل فون کی برآمدگی ابھی باقی ہے۔ موبائل کی برآمدگی سے فرانزک شواہد اکٹھے کئے جائیں گے۔ وکیل صفائی وحید انجم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں اور نہ ہی جسمانی ریمانڈ کی استدعا ایف آئی اے کے دائرہ اختیارمیں ہے۔ سابق سی پی او سعود عزیز کی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے بہت سے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ سعود عزیز اور خرم شہزاد کو عدالت میں پیش کرنے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، ایف آئی اے نے اپنی گاڑی کے شیشوں کو اخباروں سے ڈھانپ رکھا تھا اور دونوں سابق پولیس افسران کو بغیر ہتھکڑیوں کے عدالت میں پیش کیا گیا۔ سعود عزیز نے عدالت کے اندر اپنے بچوں سے بھی ملاقات کی۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz