وفاقی حکو مت نے ریمنڈ ڈیوس کیس میں بڑھتے ہوئے امریکی دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے کہا ہے کہ ویانا کنونشن کے تحت سفارت خانوں کے ٹیکنیکل سٹاف کو بھی سفارتی استثنی حاصل ہے۔
پیپلز پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات فوزیہ وہاب نے کہاہے کہ ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہے، کسی سفارتکارکو گرفتار یا حراست میں نہیں رکھاجاسکتا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوزیہ وہاب کا کہنا تھا کہ انتظامی اورٹیکنیکل سفارتی اسٹاف کوبھی استثنیٰ حاصل ہے، پاکستان ویانا کنونشن پر دستخط کر چکا ہے، ویاناکنونشن کے مطابق کسی سفارت کار یا سفارتی عملے کو گرفتار نہیں کیاجاسکتا، ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور اس طرح کے معاملات میں فرد کی نہیں بلکہ پالیسی کی اہمیت ہوتی ہے۔ فوزیہ وہاب کا کہنا تھا کہ اس بات پر بھی نظر رکھنی چاہئے کہ امریکا پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی منڈی ہے، جس سے4 ارب ڈالر سالانہ کی تجارت ہوتی ہے اور امریکا میں10 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں، پاکستان کو ملنے والا80 فیصد زرمبادلہ امریکا سے آتا ہے۔ شاہ محمود قريشي سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب ميں فوزيہ وہاب نے کہا کہ انہوں نے پارٹي ڈسپلن کي خلاف ورزي کی ہے،انکےجانے سے خارجہ پاليسي پر کوئي اثر نہيں پڑيگا کيونکہ خارجہ پاليسي کا تعلق کسي فرد سے نہيں بلکہ حکومت سے ہوتا ہے۔