لیبیا: مظاہرین پر تشدد و فائرنگ، ہلاکتیں 200 ہو گئیں

ٹریپولی: لیبیا میں حکومت مخالف مظاہرین پر تشدد اور فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو سو ہوگئی، ہزاروں افراد زخمی ہیں۔ تیونس اور مصر میں عوامی انقلاب کے بعد خطے کے دیگر ممالک میں بھی شخصی اقتدار کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے۔ لیبیا میں معمر قذافی کے چالیس سالہ اقتدار کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ چھ روز سے جاری مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو سو ہوگئی ہے۔ لیبیا کا شہر بن غازی حکومت مخالف مظاہرین کا مرکز بن چکا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے روایتی طاقت کا استعمال کر رہی ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ معمر قذافی کے حامی مظاہرین پر چاقووٴں اور ڈنڈوں سے حملے کررہے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کی وردیوں میں ملبوس افراد نہتے مظاہرین پر اندھا دھند گولیاں برسارہے ہیں۔ اسپتال میں لائی جانے والے لاشوں میں زیادہ تر افراد سر، گردن اور سینے میں گولیاں لگنے سے ہلاک ہوئے ہیں۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz