اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے پیپلزپارٹی کو پنجاب حکومت سے الگ کرنے کے فیصلے کے بعد پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب پیپلز پارٹی پنجاب میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے گی۔ وقت کا تقاضہ ہے کہ تمام جمہوری قوتیں اکٹھا ہو جائیں، سیاسی جماعتیں مفاد بالائے طاق رکھ کر ملک کے بارے میں سوچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دس نکات پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہیں، افسوس ہے کہ دس نکات پر پیش رفت نہ ہونے کی بات کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کسی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، بہتر ہوتا کہ آج ہم نیشنل ایجنڈے پر بات کر رہے ہوتے۔ رضا ربانی نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو ملک میں زبردست بحران تھا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے قومی مفاہمتی پالیسی اپنائی۔ مفاہمت کی وجہ سے اٹھارہویں اور انیس ویں ترمیم منظور کی گئی،این ایف سی بھی باہمی رضامندی سے دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں تمام قوتیں قومی یکجہتی کے لئے کام کریں۔