ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے آئر لینڈ کو شکست دیدی

ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے آئر لینڈ کو شکست دیدی

میرپور: کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں بنگلہ دیش نے آئرلینڈ کو ستائیس رنز سے شکست دے دی۔ میرپور کے شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بنگلہ دیش نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے تمیم اقبال اور امرل قیس نے اننگز کا آغاز کیا۔ بنگلہ دیش کو پہلی وکٹ کا نقصان ترپن رنز کے مجموعے پر امرل قیس کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔قیس بارہ رنز بنا کر اسٹیمپ آؤٹ ہوئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین جنید صدیق بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور تین رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔جس کے بعد بنگلہ دیش ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم پچاسویں اوور میں دو سو پانچ رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ مشفیق الرحمان چھتیس، شکیب الحسن سولہ، رقیب الحسن اڑتیس، محمد اشرفل ایک، نعیم اسلام انتیس، شفیع الاسلام دو اور عبدالرزاق گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر تمیم اقبال چوالیس رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے بوتھا نے تین، ڈوک ریل اور جوہنسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دو سو چھ رنز کے ہدف کے تعاب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم پینتالیسویں اوور میں ایک سو اٹھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیل او برین اڑتیس اور کیون او برین سینتیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شفیع الاسلام نے چار، شکیب الحسن اور محمد اشرفل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz