مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کا دس نکاتی ایجنڈا قومی ایجنڈا ہے، پیپلزپارٹی کو مزید مہلت نہیں دے سکتے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر سیالکوٹ اور فیصل آباد کے کارکنوں کے وفود سے گفتگو میں ان کا کہناتھا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے کارکن منظم ہوجائیں۔ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے وطن عزیز کی سالمیت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کارکنوں کے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو حکومت سے الگ کرنے کے مطالبے پر ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کارکنوں کی خواہش کے مطابق ہوگا۔ نوازشریف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو مزید مہلت نہیں دے سکتے، حکمرانوں کے ساتھ آخری حد تک گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور فائرنگ کے المناک واقعہ پربھی قانون کی بالادستی کے اصول کو قائم رکھا اور جو بات بند کمرے میں کہی وہی کھلے عام بھی کی۔ اسحاق ڈار کی سربراہی میں رائیونڈ میں پاکستان بزنسل کونسل کے وفد سے ملاقات میں ان کا کہنا تھا ملکی معیشت میں بہتری لانے کے لئے سیاسی استحکام، کرپشن کے خاتمہ اور امن امان میں بہتری لانا ہو گی۔