وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھرنے کہا ہے کہ پاکستان میں دوہزارپانچ سوسترغیرملکیوں کوسفارتی استثنی حاصل ہے، امریکہ واحد ملک ہے جس کے لاہورقونصلیٹ میں کام کرنے والے افراد کوبھی استثنی حاصل ہے ۔
حنا ربانی کھر کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ آٹھ سواکیاون امریکی سفارتکاروں کو پاکستان میں استثنی حاصل ہے ۔ امریکہ کے لاہورقونصلیٹ میں تیس سفارتی جبکہ ایک اہلکارغیرسفارتی عہدے پرکام کررہا ہے۔ تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ کل اٹھہترممالک کے دوہزارپانچ سوسترسفارتکاروں کواستثنی حاصل ہے جن میں سے ایک ہزارایک سوانیس سفارتی جبکہ پانچ سواکیاون افراد غیرسفارتی عہدوں پرکام کررہے ہیں۔ ایک سوستربرطانوی، ایک سواڑسٹھ سعودی اورایک سوسترہ بھارتی، روس کے اٹھانوے، چین کے ستاسی، ایران کے چونسٹھ، افغانستان اورفرانس کے ساٹھ، جرمنی کے چھپن اوردیگرتمام ممالک کے سفارتی استثنی کے حامل افراد کی تعداد پچاس سے بھی کم ہے۔