میں نے ایسا کیا کیا ہے کہ فاروق لغاری سے ملایا جا رہا ہے: شاہ محمود قریشی

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ انہوں نے ایسا کیا کیا ہے کہ انہیں فاروق لغاری سے ملایا جا رہا ہے اور کٹہرے میں کھڑ ا کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریمنڈ کے معاملے کو مس ہینڈل کیا گیا اور وہ جانتے ہیں کہ کس نے کیا، لیکن کسی کا نام نہیں لیں گے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نقطہ اعتراض پر کہا کہ میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں تا کہ غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کیا کیا ہے کہ مجھے فاروق لغاری سے ملایا اور کٹہرے میں کھڑ ا کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ فاروق لغاری نے حکومت برخاست کی تو تب بھی مجھے وزارت کی پیشکش تھی۔ میں اس وقت بھی اپنی لیڈر بے نظیر بھٹو کے ساتھ کھڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں سب دیکھ اور سمجھ رہا ہوں۔ یہ بھی کہا گیا کہ میں لیڈر شپ ہتھیانے کی کوشش کر رہا ہوں۔ لیڈر شپ ہتھیائی نہیں، محنت سےحاصل کی جاتی ہے۔ مجھ پر کسی کے اشاروں پر چلنے کا الزام بھی لگایا گیا۔ مشرف دور میں شوکت عزیز اور دو ہزار دو کے انتخابات کے بعد راؤ سکندر اقبال مرحوم نے وفاداری تبدیل کرنے کو کہا۔ میں تب بھی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی روات پر قائم رہا۔ اشاروں پر چلنا ہوتا تو تب جب اسٹیبلشمنٹ سرگرم تھی ان کے پیچھے لگتا۔ انہوں نے کہا کہ کسی پر الزام لگاؤں گا نہ کسی کا نام لوں گا، کیونکہ میری آنکھ میں شرم ہے۔ آج کہا جا رہا ہے کہ میں پاک امریکہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، جبکہ کیری لوگر بل کے موقع پر مجھے امریکہ کا چمچہ کہا گیا۔ میں تب بھی صحیح تھا اور آج بھی صحیح ہوں۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر جو میرا مؤقف تھا آج حکومت کا بھی وہی مؤقف ہے۔ ریمنڈ کے معاملے کو مس ہینڈل کیا گیا اور میں جانتا ہوں کہ کس نے کیا۔ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت میں سب کو بولنے کا حق ہے۔ صدر اور وزیر اعظم کیساتھ احترام کا رشتہ تھا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ستائیس فروری کو گڑھی خدا بخش جاؤں گا اور بے نظیر بھٹو سے دل کی باتیں کروں گا۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz