اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پابندی کا شکار پاکستانی کرکٹرز سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کے پاسپورٹ طلب کر لئے ہیں۔ مستعفی وفاقی وزیر کھیل اعجاز جاکھرانی نے آج نیوز کی اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ محمد عامر، محمد آصف اور سلمان بٹ سے پاسپورٹ طلب کر لئے گئے ہیں، آ تینوں کھلاڑیوں کے پاسپورٹ طلب کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر کھیل اعجاز جاکھرانی نے اسلام آباد میں آج نیوز کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے عامر، آصف اور سلمان بٹ سے پاسپورٹ لینے کے لئے کہا ہے۔ اعجاز جاکھرانی کا کہنا تھا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ سے معاہدہ وزارت داخلہ نے کیا، کھلاڑی اس معاہدے کے پابند ہیں تاہم اس معاملے میں وزارت داخلہ کو زیادہ کام کرنا ہوگا۔ مستعفی وفاقی وزیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی اصلاح کے لئے سزا ضروری تھی، تینوں کرکٹرز پاکستان کے قانون کے پابند ہیں،ان کھلاڑیوں کی کرکٹ بورڈ ذمہ داری نہیں لیتا تو وزارت کھیل بھی ذمہ دار نہیں۔