ورلڈ کپ 2011: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ برابر

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا ورلڈکپ کا گیارہواں میچ برابر ہو گیا، انگلینڈ نے بھارت کے 338 کے جواب میں مقررہ پچاس اوورز میں 338 رنز ہی بنائے۔
بینگلور میں کھیلے جانے والے گروپ بی کے میچ میں بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سہواگ کے پینتیس رنز پر آؤٹ ہو جانے کے بعد ریکارڈ ہولڈر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور اپنی ون ڈے کی سنچریوں کی ریکارڈ تعداد کو سینتالیس کر لیا۔ ورلڈ کپ میں ٹنڈولکر کی یہ پانچویں سنچری ہے اس لحاظ سے بھی ماسٹر بلاسٹر نمبر ون بیٹسمین بن گئے۔ وہ ایک سو بیس رنز کی شاندار اور یادگار اننگز کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ یووراج سنگھ اٹھاون اور گوتم گھمبیر نے اکاون رنز کا اضافہ کیا۔ انگلینڈ کے ٹم بریسنن پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ دوسری جانب انگلینڈ کے بلے بازوں نے بھی میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کی کوشش کی لیکن انگلینڈ کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب پیٹرسن دسویں اوور میں اکتیس رنز بنا کر مناف پٹیل کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اینڈریو سٹراس نے ایک چھکے اور اٹھارہ چوکوں کی مدد سے 158 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، ظہیر خان نے ایل بی ڈبلیو کے ذریعے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ این بیل کے بعد انگلینڈ کا کوئی بھی کھلائی جم کر نہ کھیل سکا اور انگلینڈ نے آٹھ کھلاڑیوں کے نقصان پر پچاس اوورز میں 338 رنز اسکور کئے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz