دوحہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز پر کرپشن کے ٹھوس شواہد کی بناء پرپابندی لگائی گئی ہے۔ دوحہ میں آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کو سربراہ رونی فلینگن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ کرکٹ میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ آئی سی سی کے پاس پاکستانی کرکٹرز کیخلاف ٹھوس شواہد تھے۔ اینٹی کرپشن ٹربیونل نے جوفیصلہ دیا وہ اس سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹربیونل کے ممبران انتہائی تجربہ کارتھے جنہوں نے متوازن فیصلہ دیا۔ فاسٹ بالرزمحمدعامراورمحمد آصف کا سزاکے بعد کرکٹ میں واپس آنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کے خلاف اپیل کرنا کھلاڑیوں کا حق ہے۔ ہارون لورگٹ کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے کرکٹ کی ساکھ متاثرہوئی ہے۔ کھیل کے امیج کوبہتربنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کواس کیس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے جو بھی تجاویزموصول ہوں گی ان پرغورکیا جائے گا۔ ہارون لورگٹ نے کہا کہ پی سی بی نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کرپشن کیخلاف سخت اقدامات کئے ہیں۔ یہ فیصلہ آئی سی سی اورپی سی بی کے تعلقات پراثراندازنہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے میچ فکسنگ کم ہوگئی لیکن اسپاٹ فکسنگ زورپکڑگئی ہے۔ آئی سی سی کھیل سے کرپشن کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے گی۔