لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے بجائے قتل ہونے والے تینوں پاکستانیوں کو بھی اپنے شہریوں کی طرح انصاف دے۔ لاہور میں جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مفتی عبدالرحمان کی وفات پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتکار کے ہاتھوں قتل ہونے والے فہیم کی بیوہ کی انصاف نہ ملنے پر خودکشی حکمرانوں کے لئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دباوٴ پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حمایت سے پاکستان مشکلات سے دوچار ہے۔ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کو بھی اب انصاف دینا پڑے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتکاروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے پاکستانیوں کو انصاف نہ دیا گیا تو حکمرانوں اور امریکا کے خلاف نفرت اور بڑھے گی۔