کراچی: ٹی وی آرٹسٹ عتیقہ اوڈھو نے کہا ہے کہ میڈیا راحت فتح علی خان کے معاملے کو مزید نہ اچھالے۔ ایسا نہ ہو کہ آرٹسٹ دلبرداشتہ ہوجائے اور ہمیں ایک اچھی آواز سے محروم ہونا پڑے۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت میں عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ اگر راحت سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو پاکستانی میڈیا، حکومت اور عوام انھیں معاف کردے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت چھوٹی بات کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتا ہے۔ راحت کو ملنے والی رقم آخر کار بھارتی کمپنی نے ہی دی تھی۔ پاکستانیوں کو بتایا جائے ان کمپنیوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔ کیا بھارتی کمپنیاں اپنے قوانین سے لاعلم تھیں ؟ انھوں نے کہا کہ فنکاروں کے معاملے پر پاکستان کو بھارت سے معاملات طے کرنا ہوں گے۔