پیپلزپارٹی کو مزید سینے سے نہیں لگا سکتے،نوازشریف

لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت کو مزید سینے سے نہیں لگا سکتے۔ ان کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران سے اتحاد کرکے حکومت بنانے کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔لاہور میں گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے کارکنوں سے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ ڈکٹیٹر کا ہاتھ مضبوط کرنے والوں کیلئے مسلم لیگ ن میں کوئی جگہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے جب بھی سیاسی نظام میں مداخلت کی ملک اور عوام کو برباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پرویز مشرف حکمران ہوتے تو ریمنڈ ڈیوس باہر جا چکا ہوتا۔ نواز شریف کی کارکنوں سے ملاقات پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو مزید ساتھ نہیں رکھا جا سکتا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر داخلہ سندھ کے بیان کا پنجاب میں ردعمل نہیں ہوگا۔ پنجاب نہ ہی نو گو ایریا ہے اورنہ ہی ہم سندھ اور کراچی کو نو گو ایریا سمجھتے ہیں تاہم پارٹی قیادت کو ان کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے۔خواجہ سعد رفیق نے یونیفیکیشن گروپ کا نواز لیگ سے تعلق جوڑنے کی بات کو رد کیا لیکن اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ فارورڈ بلاک کے ارکان کو پچیس فروری کے اہم اجلاس میں کیوں مدعو کیا گیا ہے۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چوہدری برادران سے ملکر حکومت نہ بنانے کی بات ضرور کی ہے لیکن لعنت بھیجنے کا لفظ استعمال نہیں کیا، اس سے پہلے نواز شریف کے پی آر او نے یہ بیان زور دے کر جاری کرایا تھا۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz