وفاقی کابینہ آج تحلیل کیے جانے کا امکان
وفاقی کابینہ کو آج تحلیل کرکے 17 رکنی مختصر کابینہ تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔ ایم کیو ایم نے نئی کابینہ میں شرکت سے معذرت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایوان صدر اسلام آباد دو فروری کوہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری کابینہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ تحلیل کرنے کے چوبیس گھنٹے کے اندر سترہ سے اٹھارہ رکنی نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔ نئی کابینہ میں سندھ سے مخدوم امین فہیم، نوید قمر، سید خورشید شاہ، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اورعبد القادر پٹیل کو وزراء بنائے جانے کا امکان ہے۔ پنجاب سے شاہ محمود قریشی، بابر اعوان، رحمان ملک، احمد مختار، قمر زمان کائرہ، حنا ربانی کھر اور راجہ پرویز اشرف کے نام زیر غور ہیں۔ بلوچستان سے آیت اللہ درانی اور خیبر پختون خواہ سے عاصمہ ارباب عالمگیر کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ اتحادیوں میں مسلم لیگ فنکشنل کے حاجی خدا بخش راجڑ، اے این پی کے غلام محمد بلور اور فاٹا سے حمید اللہ جان آفریدی کو وزراء بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور ملک عماد خان کو واحد وزیر مملکت رکھنے کا امکان ہے۔