پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ سے ٹونٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے۔لاہور ائرپورٹ پر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ جنوبی افریقہ میں عالمی ریکارڈقائم کرنے والی بلائنڈ کرکٹ ٹیم لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ سے باہر آئی تو بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ارکان نے کھلاڑیوں کو ہار پہنائے اور نعرے بازی کی۔ بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے چالیس اوورز میں 517 رنز اور ساؤتھ افریقہ کو 399 رنز سے شکست دی اور دونوں سیریز میں کلین سویپ کیا۔ ٹیم کے کپتان عبدالرزاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کی انھیں خود امید نہیں تھی لیکن کھلاڑیوں کی محنت رنگ لے آئی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومت کی طرف سے وہ پذیرائی نہیں ملی جس کی توقع تھی۔ کھلاڑیوں کو ریگولر کیا جارہا ہے اورنہ ہی پرموشن دی جارہی ہے۔