جنوبی کوریا: پارلیمنٹ کے اجلاس میں ارکان میں ہاتھا پائی
جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ میں بجٹ پر بحث کے دوران حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے ممبران کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی۔ بجٹ سیشن کسی بھی ملک کا ہو تو وہاں کی اسمبلی میں گرما گرمی دیکھنےکو ضرور ملتی ہے ، لیکن کبھی کبھار پارلیمنٹری بحث زبانی تو تکار سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچتی ہے۔ اکثر ممالک کی پارلیمنٹ میں عوام کے منتخب نمائندے ان کے حقوق کے لیے لڑتے ہوئے جوش خطابت کے ساتھ اپنا زور بازو دکھانے سے بھی باز نہیں رہتے۔ اس بار لڑائی کا مظاہرہ جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ میں دیکھنے کو ملا جہاں اراکین آئندہ سال کے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے قدرے جذباتی ہوگئے۔ بات زبانی گرما گرمی سے آگے بڑھ گئی تو اراکین ایک دوسرے کے گریبانوں کو لپکے، کچھ اراکین زیادہ جذباتی ہوکر ایوان میں پڑے فرنیچر کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر بھی اتر آئے۔