قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں خواتین کا ہنگامہ
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں خواتین نے لڑائی نے ہنگامہ کھڑا کردیا، ہنگامے کے بعد چیئرپرسن کمیٹی فوزیہ وہاب اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔ اجلاس کے دوران کشمالہ طارق نے کہا کہ حنا ربانی کھر نے ٹی وی پروگرام میں بیان دیا کہ آر جی ایس ٹی سے 22 ارب روپے حاصل ہونگے، یہ ٹی وی پر بڑی بڑی باتیں کررہی ہیں لیکن کمیٹی میں تو چوں بھی نہیں کرتیں جس پر فوزیہ وہاب نے تڑخ کر کہا کہ کشمالہ آپ غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کررہی ہیں میں یہ الفاظ حذف کرتی ہوں۔ کشمالہ نے بھی ترنت کہا کہ انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی ، چیئرپرسن خواہ مخواہ گرم ہورہی ہیں ۔ معاملہ بڑھا تو خاقان عباسی، دیگر ارکان بھی بولے کہ چوں بھی نہ کرنا تو محض ایک محاورہ ہے، یہ کوئی غیرپارلیمانی لفظ نہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے فوزیہ وہاب سے کہا کہ کہ اگر آپ کمیٹی نہیں چلاسکتیں تو آپ چیئرپرسن کی کرسی چھوڑ دیں ہم کسی اور کو منتخب کر لیں گے۔ ان ریمارکس کے بعد فوزیہ وہاب کا صبر جواب دے گیا اور وہ پیر پٹختی ہوئی اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔