متحدہ اور ن لیگ کے ایک دوسرے پر ذاتی حملے
مسلم لیگ ن اورایم کیوایم میں کشیدگی انتہا کو پہنچ گئی اوردونوں پارٹیوں کےرہنماؤں نے ایک دوسرے پر ذاتی حملے کرناشروع کردئیے ہیں۔ قومی اسمبلی کےاجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرچودھری ایم کیوایم قائد الطاف حسین پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ 19 سال سے پاکستان نہ آنیوالا شخص انقلاب کیا لائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کسی بھی صورت میں اس کرپٹ حکومت کو سپورٹ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے لندن میں بیٹھ کر ایسے ایسے بیان دیے جو کسی بھی جمہوری شخص کو زیب نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ جب الطاف حسین بولتے ہیں تو ہوش میں نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کو سیاسی بات کا جواب سیاسی انداز سے دینا چاہیے تھا۔ ن لیگ نے آمریت کی گود میں آنکھ کھولی: حیدر عباس رضوی ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ن لیگ کے سارے شیر گیدڑ بن کے فلور سے بھاگ گئے کیوں کہ وہ جانتے تھے کہ فلور پر بات کرنے سے ان کو من توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے چوہدری نثار کو مسٹر بین کہہ کر بھی پکارا۔ انہوں نے کہا چوہدری نثار کو ایسی زبان زیب نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے آمریت کی گود میں آنکھ کھولی ہے انہیں انقلاب کی بات سمجھ نہیں ائے گی۔ ن لیگ والے پینڈورہ بکس کھولنا چاہتے ہیں: واسع جلیل ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے کہا کہ چوہدری نثار اپنی اوقات بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی حملوں کا سوال ن لیگ سے پوچھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہل نواز شریف نے کی ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ والے پینڈورہ بکس کھولنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والوں کو غلط زبان کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔ پنجاب میں کرپشن انتہا پر ہے: وسیم اختر وسیم اختر نے کہا کہ پنجاب کی حالت پر نظر نہیں اور دوسروں پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن انتہا پر ہے اس کو روکنا چاہیے۔ گلی کوچوں کی زبان استعمال کرنا ایم کیو ایم کا شیوا ہے: عادل شیر مسلم لیگ ن کے رہنما عادل شیر علی نے کہا کہ گلی کوچوں کی زبان استعمال کرنا ایم کیو ایم کا شیوا ہے۔ نواز شریف کے شیر اسمبلی میں بھی شیر ہیں باہر بھی شیر ہیں۔