وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جب سب استعفے آجائیں گے تو انھیں صدر کو بھیج دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اندازہ ہوگیا کہ ڈرون حملے دہشتگردی کے خلاف جنگ کیلئے نقصان دہ ہیں۔ قومی اسمبلی میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے خطاب میں کہا کہ کچھ استعفے آگئے ہیں اور کچھ آنے باقی ہیں جب سب استعفے آجائیں گے تو اکھٹے صدر مملکت کو بھیج دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت اور فوج نے بڑے طریقے سے مقامی قبائل سے دہشت گردوں کو الگ کیا تھا لیکن ڈرون حملوں کی وجہ سے یہ اقدام خراب ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو دینے کو کہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وکی لیکس کو مستند نہیں کہا جا سکتا ایک چھوٹے سفارتکار کے خیالات ہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے انھیں امریکہ اور چین میں بھی پروٹوکول دیا گیا اور ٹریفک بند کی گئی تاہم وہ ملک میں کم سے کم گاڑیاں لیکر چلتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے سکواڈ میں سیکورٹی کی گاڑیوں کے علاوہ چار گاڑیاں ہوتی ہیں جن میں سے ایک وہ خود چلاتے ہیں اورکراچی میں تو ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔