آر جی ایس ٹی کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟

اپوزیشن اورحکومت کی اتحادی جماعتوں نے آرجی ایس ٹی بل کی پھرمخالفت کردی ہے اور مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، ایم کیوایم، اے این پی،جے یوآئی اور جماعت اسلامی نے جنرل سیلز ٹیکس میں اصلاحات کے بل پرسینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں اختلافی نوٹ جمع کرادیا ہے جبکہ ایم کیوایم نے آرجی ایس ٹی کی حمایت کوزرعی انکم ٹیکس کیساتھ مشروط کردیاہے۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اور اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی سے ریفارمڈ جی ایس ٹی بل کی حمایت کرنے کی درخواست کی جس پر دونوں رہنماؤں نے حکومت سے اپنے تحفظات اور خدشات دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ آرجی ایس ٹی پر ایم کیو ایم کے تحفظات اور خدشات دور کردیئے جائیں تو متحدہ بل کی حمایت کرے گی تاہم جو تجاویز ایم کیو ایم نے دی ہیں ان کو بھی حکومت منظور کرے۔آر جی ایس ٹی پر متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت حاصل کرنے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور وفاقی وزیر داخلہ رحمن اے ملک نے بدھ کو گورنر ہاؤس میں ایم کیو ایم کے اعلیٰ سطح کے وفد سے تفصیلی مذاکرات کئے جو 7گھنٹے سے زائد جاری رہے، طویل مذاکرات کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا لیکن دونوں فریقوں نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم نے حکومتی وفد کو زرعی ٹیکس کے نفاذ سمیت 9سفارشات دیں ،اور ہماری جانب سے حکومت کو متبادل تجاویز بھی دی گئی ہیں ۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر آر جی ایس ٹی کے عدم نفاذ کی صورت میں آئی ایم ایف ناراض ہوگیا توسرکاری ملازمین کو تنخواہیں بھی نہیں مل سکیں گی۔ حکومت کا موقف ہے کہ آر جی ایس ٹی سے عام آدمی متاثر نہیں ہوگا ۔کیا آپ اس موقف سے اتفاق کرتے ہیں؟

آر جی ایس کی کے بجائے زرعی ٹیکس کا نفاذ زیادہ بہتر نہیں ہوگا؟

حکومت امراء اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے اور حکومتی اخراجات کم کرنے پر کیوں آمادہ نہیں؟

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz