اسلام آباد:چودھری شجاعت،مشاہد حسین کی فضل الرحمان سے ملاقات

اسلام آباد:چودھری شجاعت،مشاہد حسین کی فضل الرحمان سے ملاقات
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کی۔
مسلم لیگ قاف کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نوازشریف پنجاب حکومت کو کھونا نہیں چاہتے۔ قاف لیگ چاہے تو پنجاب اور بلوچستان کی حکومت تبدیل کرسکتی ہے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کی کرتوتیں سامنے آنا شرو ع ہوگئیں ہیں، تاہم ہماری خواہش ہے کہ حکومت مدت پوری کرے تاکہ یہ دوبارہ نہ آسکئیں۔ انھوں نے کہا کہ نوازشریف کا عنقریب بیان سامنے آئے گا کہ حکومت کو گرنے نہیں دیں گے۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ کوئی اتحاد نہیں بننے جا رہا اور نہ ہی مسلم لیگ قاف حکومت کا حصہ بن رہی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یوآئی کے فیصلے سے ملکی سیاست میں بھونچال آگیا ہے۔ چوہدری شجاعت کے ساتھ یہ کوئی پہلی ملاقات نہیں ہے۔ ملکی سیاست کا رخ تبدیل ہو گیا ہے۔ ہر جماعت اس صورتحال کو سمجھنا چاہتی ہے۔ وزیراعظم نے یک طرفہ طور پر جارحانہ اقدام کیا۔ انکا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کے ساتھ ملاقات مشاورت کے عمل کا حصہ ہے۔
ملاقات سے قبل چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور مستقبل میں روابط کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو میں جے یو آئی کی وفاقی حکومت سے علیحدگی اور ایم کیو ایم کی جانب سے دی گئی دس دن کی ڈیڈ لائن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz