ہیملٹن:دوسرا ٹی 20، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز جیت لی
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو39 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی۔ تین میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔ ہیملٹن میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ عبدالرزاق نے پہلی گیند پر جیسی رائیڈر کی وکٹ حاصل کی، تاہم کیوی بیٹسمین پریشر میں آنے کی بجائے جم کر کھیلے اور مقررہ اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل 44، جیمز فرینکلن 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ سعید اجمل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔ محمد حفیظ 46 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عمر اکمل نے 26 رنز بنائے، نیتھن میکیولم نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار کارکردگی پر ان کو میں آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا آخری میچ 30 دسمبر کو کرائس چرچ میں کھیلا جائے گا۔