تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ایک سو تین رنز سے ریکارڈ شکست دے دی، کیوی ٹیم صرف 80 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کرائسٹ چرچ میں پاکستان ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک سو چوراسی رنز کا ہدف کھڑا کر دیا۔ اوپنر احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے جارحانہ کھیلتے ہوئے اکاسی رنز کا آغاز فراہم کیا۔ حفیظ چونتیس اوراحمد شہزاد نے چوون رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی نے چودہ اورعمر اکمل نے تیس جبکہ عبدالرزاق نے گیارہ گیندوں پر چونتیس رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ پاکستان نے چھے وکٹ پر 183 رنز بنائے۔ جواب میں کیوی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گیارہ رنز پر پانچ کیوی بیٹسمین آوٹ ہوگئے۔ سکاٹ سٹائرس نے پنتالیس رنز بنا کر مزاحمت کی، دوسری جانب 5 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پیویلین لوٹ گئے جبکہ سولہویں اوور میں پوری کیوی ٹیم 80 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کا سب سے کم اسکور بھی ہے۔ کپتان شاہد آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پچاس وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے باولر بھی بن گئے۔ عبدالرزاق نے تین وکٹیں لیں۔ انہیں شاندار آل راونڈ کھیل پر مین آف دی میچ ایوارڈ ملا۔ ایک سو تین رنزسے کامیابی، رنز کے اعتبار سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی فتح بھی بن گئی۔