تمام فریقوں کیلئے گیس کی منصفانہ لوڈ شیڈنگ کی جائے، وزیر اعظم
وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے قدرتی گیس کی مساویانہ تقسیم سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدائت کردی۔ وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گیس مسائل کے حل میں دلچسپی پروزیراعظم کے شکرگذارہیں۔۔ اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت اجلاس میں گیس کی کمی کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔۔اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام فریقوں کیلئے گیس کی منصفانہ لوڈ شیڈنگ کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کوایل این جی کی درآمد کے فیصلے پرجلدعملدرآمد کی بھی ہدائت کی۔۔وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ گیس کمپنیاں گیس کے ضیاع اورچوری پرقابوپانے کیلئے اقدامات کریں۔ اس موقعے پروزیراعلٰی پنجاب نے گیس لوڈشیڈنگ سے متعلق مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پروزیراعظم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے پورے ملک میں گیس بحران اورخاص طورپرپنجاب میں گیس کے مسائل قابوپانے میں مدد ملے گی۔۔اجلاس میں وزارت پٹرولیم نے بتایا کہ سردی میں اضافے کی وجہ سے گیس کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کھاد فیکٹریوں کی مرمت کیلئے بندش اورفیلڈزسے زیادہ گیس نکالنے سے جنوری میں اضافی گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب لاہور کے شہریوں کےلئے انتہائی پریشان کن خبر ہے کہ لاہور ریجن میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک تمام سی این جی سٹیشن بند رہا کریں گے جبکہ منگل کے روزگیس کی مکمل بندش ہو گی۔ سوئی ناردن کی جانب سے سی این جی سٹیشنز کوموصول نوٹسز کے مطابق تمام سی این جی سٹیشن صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ منگل کو سی این جی سٹیشنزچوبیس گھنٹے کےلئے بھی بند رہیں گے۔ سی این جی ایسوسی ایشن نے شیڈول مسترد کر دیا ہے اور آئندہ دو روزمیں ہنگامی اجلاس بلانے کا کا فیصلہ کیا ہے،جس میں آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔