حکومت کی پالیسیوں سے مہنگائی بڑھی، نواز شریف
مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں سے مہنگائی بڑھی، سب سے پہلے ملک کے ساتھ وابستگی ہونی چاہئے، پاکستان کے مسائل کے حل کےلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔ راجن پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے تک آر جی ایس ٹی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سا پیسہ ضائع ہو رہا ہے جسے بچایا جا سکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد کا کہنا تھا کہ سیلاب کو روکنے کیلئے ڈیمز بننے چاہئیں، پانچ سال میں پچھہتر فیصد ڈیموں پر کام شروع کیا جا سکتا تھا جو کہ نہیں ہوا، مشرف کے آٹھ سال میں کئی ڈیم بن سکتے تھے، ہمیں تو دو سال بھی نہیں دئیے گئے، مشرف کے دور میں بھی کوئی ڈیم نہیں بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کےلئے جدید ترین گاﺅں بنائیں گے، غریبوں کو اچھا معیار زندگی ملنا چاہئے، یہی انقلاب ہے۔ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ صدر نے چین کے وزیر اعظم کے عشائیے میں دعوت دی ہے، چین ہمارا دیرینہ دوست ہے، چینی وزیر اعظم کے عشائیے میں شرکت سے خوشی ہو گی۔