سپریم کورٹ کا حکم: نوڈیرو پاور پلانٹ نے 2 ارب روپے واپس کر دیئے
نوڈیروپاورپلانٹ کمپنی نے سپریم کورٹ کے حکم پر 2 ارب کی رقم واپس سرکاری خزانے میں جمع کروا دی جبکہ تعمیلی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں آج رینٹل پاور پلانٹس کیس کی سماعت کے موقع پر نوڈیرو پاور پلانٹ کے وکلا نے سپریم کورٹ میں تحریری بیان داخل کروایا تھا کہ سود سمیت ایڈوانس لی گئی 2 ارب روپے کی رقم آج واپس جمع کروا دی جائے گی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ یہ قومی دولت کا معاملہ ہے۔ سب کواسی طرح سوچنا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز رینٹل پلانٹ کی انتظامیہ کو رقم جمع کروانے کیلئے ایک دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک ہی مشینری پر پہلے گڈو رینٹل پلانٹ اوربعد میں نوڈیرو پلانٹ کو رقم کیسے دے دی گئی۔ اگر ثابت گیا کہ گڈو اور نوڈیرو رینٹل پلانٹس کے معاملے میں ایک ہی کمپنی ملوث ہے تو اس کے خلاف فوجداری کارروائی ہوگی۔ کیس کی مزید سماعت 14دسمبرتک ملتوی کردی گئی ہے۔