ایک اور مسلم لیگ کا قیام!!!

ماضی میں پاکستان میں سیاسی اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہے ہیں، اس طرح کے اتحاد عین اس وقت وقوع پذیر ہوتے ہیں جب کسی الیکشن کے تانے بانے بنے جاتے ہیں اور سیاستدان سر جوڑ کے بیٹھ جاتے ہیں، وقتی مصلحتوں سے کام لیا جاتا ہے۔ اسی طرح چار مسلم لیگی دھڑوں کے رہنماؤں نے ن اور ق لیگ کے بغیر متحدہ مسلم لیگ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے سربراہ پیرپگارا ہوں گے۔ متحدہ لیگ میں فی الوقت ہر گروپ اپنے وجود، شناخت اور تنظیم کو برقرار رکھتے ہوئے شامل رہے گا۔ دیگر مسلم لیگی دھڑوں اور سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور اتحاد کے تنظیمی اور قانونی معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے 13 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کے کنوینر سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی ہوں گے۔ اس بات کا اعلان مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا کی رہائش گاہ پر مسلم لیگی دھڑوں کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ قبل ازیں متحدہ مسلم لیگ کے پہلے باقاعدہ اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیرپگارا نے کہا کہ مسلم لیگ کو متحد کرنے کا مقصد ملک میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا اب وہی بچے گا جو مسلم لیگ میں آئے گا۔ متحدہ مسلم لیگ میں پیر پگارا کی فنکشنل لیگ، ہم خیال لیگ، ضیاء لیگ، عوامی مسلم لیگ شامل ہیں۔ متحدہ مسلم لیگ کی 13 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر میر ظفراللہ جمالی جبکہ ارکان میں حامد ناصر چٹھہ، سینیٹر سلیم سیف اللہ، پیر صدرالدین شاہ راشدی، اعجازالحق، مخدوم احمد محمود، شیخ رشید احمد، ہمایوں اختر، جہانگیر ترین، خورشید محمود قصوری، کشمالہ طارق، مہتاب اکبر راشدی اور سینیٹر غفار قریشی شامل ہیں۔ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر امتیاز احمد شیخ ہوں گے۔ کمیٹی کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر مسلم لیگی دھڑوں سے رابطے کرے اور اس اتحاد کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کرے۔ کمیٹی کو قانونی معاملات نمٹانے اور تنظیم سازی کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے جن کی حتمی منظوری پیرپگارا دیں گے۔ اس موقع پر خورشید محمود قصوری کا کہنا تھا کہ آج مسلم لیگی دھڑے متحد ہوئے ہیں اور کل یہ جماعت بن جائیں گے۔

 
ujaalanews.com | OnLine Tv Chennals | Shahid Riaz