بینظیر بھٹو کی تیسری برسی: قافلوں کی گڑھی خدابخش آمد
سابق وزیر اعظم اور پیپلزپارٹی کی سربراہ بے نظیر بھٹو شہید کی تیسری برسی آج منائی جا رہی ہے، مختلف شہروں سے قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ہیں، برسی کی مرکزی تقریب نوڈیرو میں ہو گی ۔ بینظیر بھٹو کی برسی کے سلسلہ میں ملک بھر میں قرآن خوانی اور دیگر تقریبات ہوں گی، مختلف شہروں میں بلڈ بینک لگائے جائیں گے جن میں پیپلزپارٹی کے کارکن خون کے عطیات دیں گے۔ برسی کی تقریب میں شرکت کےلئے مختلف شہروں سے پیپلز پارٹی کے بے شمار قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ہیں جبکہ کارکنوں کی آمد کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ آج دن بھر بے نظیر بھٹو کے مزار پر قرآن خوانی ہو گی۔ برسی کی سب سے بڑی تقریب نوڈیرو میں ہو گی جس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین صدر آصف زرداری اوروزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت اور کارکن نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چھ ہزار اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی اور دن بھر گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو کی فضائی نگرانی کی گئی۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید ہوئے تین برس کا عرصہ گزر چکاہے لیکن ان کے قاتلوں کو ابھی تک بے نقاب نہیں کیا جاسکا۔ محترمہ کے قاتلوں کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کچھ نہ کچھ دعوے ضرور کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ صدر زرداری نے بیت اللہ محسود کا زکر اس طرح کیا کہ وہ ایک فرد کی سوچ رکھتا تھا اور ہمیں اس سوچ کیخلاف لڑنا ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ محترمہ کے قتل کی رپورٹ ابھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے پاس ہے جو اگلے اجلاس میں پیش کردی جائے گی۔ وزیر قانون بابر اعوان نے میڈیا کو بتایا کہ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کا یہ نظام آئینی مدت کے اختتام تک جاری رہے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی گڑھی خدابخش پہنچے۔ ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے رضا ہارون نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا ستائیس دسمبر کو ایک عظیم رہنما سے محروم ہوئی ہے۔ بے نظیر بھٹو کی تیسری برسی کے موقع پر سندھ میں عام تعطیل ہے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد مزار پر فاتحہ خوانی کیلئے گڑھی خدا بخش پہنچی ہے۔